لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی آل فارمیٹ ہوم سیریز کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں جبکہ بقیہ دو میچز 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

فیصل آباد 17 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرے گا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز 4 سے 8 نومبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شیڈول ہے۔ یہ ایک تاریخی موقع ہوگا کیونکہ فیصل آباد 11 اپریل 2008 کے بعد پہلی بار بین الاقوامی میچز کی میزبانی کرے گا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید سمیر احمد نے سیریز کی میزبانی اور فیصل آباد میں ون ڈے کرکٹ کی واپسی پر مسرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی افتتاحی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔ فیصل آباد میں 17 سال بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ایک یادگار لمحہ ہے۔




























