ممبئی (9 ستمبر 2025): بالی وڈ کی معروف اداکارہ کاجل اگروال کی ہلاکت سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق چند روز سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فلم سنگھم میں اجے دیوگن کے ساتھ کام کرنے والی کاجل اگروال ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی ہیں۔ ان خبروں نے مداحوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔
تاہم اداکارہ نے خود انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ’’یہ سب جھوٹ ہے، میں بالکل محفوظ اور خیریت سے ہوں۔‘‘ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مثبت خبریں آگے بڑھائیں۔
کاجل اگروال نے کہا کہ جھوٹی خبروں کے باعث ان کے چاہنے والے افسردہ ہوئے اور کچھ لوگوں نے تو تعزیتی پیغامات بھی شیئر کر دیے، جبکہ حادثے سے متعلق جعلی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔
کاجل اگروال کا شمار ساؤتھ انڈین اور بالی وڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم سنگھم میں اجے دیوگن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اداکارہ نے 2020 میں بزنس مین گوتم کچلو سے شادی کی اور 2022 میں بیٹے نیل کی پیدائش کے بعد وہ مداحوں کی مزید توجہ کا مرکز بن گئیں۔































