ہلاک ہونے والے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد، پنجگورمیں بھی دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا، آئی ایس پی آر
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے دوران 41 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کی موجودگی پر کارروائی کی، اس دوران 41 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ہرنائی میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 30 خوارج ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ فورسز نے دوسری کارروائی پنجگورمیں کی اور دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا، پنجگور میں بھی انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کے دوران 11خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جہنم واصل دہشت گردوں سے 15 دسمبر کو بینک ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی جبکہ پنجگور میں ہلاک دہشت گرد علاقے میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجگور اور ہرنائی میں دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائی سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مضبوط ہوئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنا کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔






























