جدہ: سعودی عرب کی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری 2026 سے دنیا بھر کے غیر ملکی سرمایہ کار سعودی اسٹاک مارکیٹ میں براہ راست سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ اس حوالے سے اتھارٹی کے بورڈ نے ریگولیٹری ترامیم کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ان ترامیم کا مقصد مین مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے اہل افراد کی تعداد میں اضافہ کرنا اور سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے تاکہ مارکیٹ میں لیکویڈیٹی بڑھے اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کی تیسری سہ ماہی تک سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا حجم 590 ارب ریال تک پہنچ چکا تھا، جبکہ نئی ترامیم کے بعد اس میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مالیاتی مارکیٹ اتھارٹی نے جولائی 2025 میں بھی سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل خلیجی ممالک میں مقیم افراد اور ایسے غیر ملکی جو ماضی میں سعودی عرب میں رہ چکے ہیں، انہیں بھی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی تھی، جو آج کے فیصلے کی بنیاد ثابت ہوئی۔




























