میں ذاتی طور پر بہت شرمندہ اور معافی کی طلبگار ہوں، انتظامیہ جو بتارہی تھی وہ مجھے شیئر کرنا پڑا، استعفے کیلئے بھی تیار تھی، وزیر اطلاعات پنجاب
سانحہ بھاٹی گیٹ سے متعلق غلط معلومات شیئر کرنے پر وزیرِ اطلاعات پنجاب نے سوشل میڈیا کے ذریعے معذرت کر لی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے پر وہ دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، عظمیٰ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے غلطی چھپانے کےلئےغلط معلومات شیئر کی۔عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پیش آنے والے واقعے پر مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نےغلطیوں اور کوتاہیوں کو چھپایا نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے برملا ندامت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ذمہ داران کو گرفتار کرایا، پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں، میں ذاتی طور پر بھی بہت شرمندہ اور معافی کی طلبگار ہوں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انتظامیہ جو بتارہی تھی وہ مجھے شیئر کرنا پڑا، استعفے کیلئے بھی تیار تھی، وزیراعلیٰ کا حکم تھا میری غلطی نہیں ہے، اللہ سب کی حفاظت فرمائے آمین۔دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ واضح کر دینا ضروری ہے کہ اس معاملے سے عظمیٰ بخاری کا کوئی تعلق نہیں۔ انہیں وہی معلومات موصول ہو رہی تھیں جو ہم سب کو مل رہی تھیں۔ بغیر تصدیق کے انتہائی یقین کے ساتھ بیانات دینا درست نہیں۔ میں خود احسن یونس کے ساتھ آن لائن تھی اور ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر تصدیق کریں کہ خاتون گری ہیں یا نہیں۔ چونکہ وہاں کنسٹرکشن سائٹ تھی، اس لیے متعلقہ کیمرے عارضی طور پر ہٹائے گئے تھے، جس کے باعث مکمل فوٹیج دستیاب نہ ہو سکی۔ حقائق کی بنیاد پر بات کرنا اور ذمہ داری کا تعین کرنا ہی انصاف کا تقاضا ہے۔




























