کلاؤڈ برسٹ سے خیبرپختونخوا میں مکئی کی فصل کو شدید نقصان

0
108
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

پشاور: موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ کے پی میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ سے نہ صرف جانی و مالی نقصانات ہوئے بلکہ زراعت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے 31 ہزار 595 ایکڑ پر کھڑی فصلیں، سبزیاں اور باغات متاثر ہوئے ہیں۔

سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں رپورٹ ہوا ہے، جہاں 26 ہزار 141 ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوئے۔ ان میں مکئی کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق:

بونیر: 23 ہزار 487 ایکڑ پر کھڑی مکئی کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اس کے علاوہ 1300 ایکڑ پر چاول، 700 ایکڑ پر سبزیاں، 641 ایکڑ پر باغات اور 13 ایکڑ پر دیگر فصلیں متاثر ہوئیں۔

باجوڑ: 211.32 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔ ان میں 157.32 ایکڑ پر کھڑی مکئی کی فصل جبکہ 57 ایکڑ پر چاول کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ماہرین کے مطابق موجودہ موسم میں مکئی کی فصل کٹائی کے قریب تھی، ایسے میں یہ نقصان کسانوں کے لیے نہایت سنگین ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ غذائی قلت اور اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگا کر متاثرہ کسانوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ فصل کاشت کرنے کے قابل ہو سکیں۔