سبی: ڈپٹی کمشنر سبی کی قیادت میں یومِ آزادی کے سلسلے میں فلیگ مارچ ریلی

0
66
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

سبی ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے یومِ آزادی کے سلسلے میں فلیگ مارچ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں پولیس فورس، لیویز فورس اور ایف سی فورس کے جوانوں اور افسران نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر ایس ایس پی سبی اختر نواز، اسسٹنٹ کمشنر سبی سید منصور شاہ، سپرنٹنڈنٹ میر عبدالصمد بنگلزئی، ڈی ایس پی گلاب خان شیخ، ایس ایچ او صدر غلام جیلانی، ایس ایچ او سٹی غلام علی ابڑو، ٹریفک سارجنٹ شریف ناصر، میجر رسالدار لیویز عبدالخالق بنگلزئی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا اور بعد ازاں ریلی دوبارہ ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ 14 اگست یومِ آزادی کو بھرپور اور شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اہم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، جبکہ پوری قوم کو چاہیے کہ یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منا کر یہ ثابت کرے کہ پاکستانی قوم زندہ اور بہادر قوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے، اور اس دن ہمیں اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں یہ آزاد مملکت ملی ہے اور اس کی قدر کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اگست کا مہینہ خوشیوں اور مسرتوں کا پیام لے کر آتا ہے اور یہ ہمیں مادرِ وطن کی عظمت اور ہماری ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطنِ عزیز کے استحکام، ترقی اور پائیدار امن کے لیے پوری قوم کو ایک سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی قدر غلام قومیں بخوبی جانتی ہیں۔ ہمیں اپنے اکابرین کی بدولت یہ آزاد وطن ملا ہے جہاں ہم اپنے مذہبی، روایتی اور قومی تہوار آزادی کے ساتھ مناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہتر مستقبل کے لیے ملک کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی یومِ آزادی انتہائی ملی یکجہتی، یگانگت اور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ یومِ آزادی بھرپور قومی جذبے کے تحت منانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

سورس اردو پوائنٹ