اسلام آباد: جی الیون کچہری کے نزدیک خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، متعدد زخمی

0
78
pakalerts
pakalerts

اسلام آباد کچہری کے قریب خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، 27 زخمی

اسلام آباد میں منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جی الیون سیکٹر کی کچہری کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔
پولیس کے مطابق، موٹر سائیکل پر سوار ایک خودکش حملہ آور پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے باعث قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ حملہ آور کے جسم کے اعضا کچہری کے احاطے میں جا گرے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں پولیس کی ایک اور دو نجی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر بھی برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے، جن میں وکلا اور سائلین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں اس واقعے میں بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ “آج 12 بجکر 39 منٹ پر خودکش حملہ ہوا۔ حملہ آور تقریباً 10 سے 15 منٹ تک کچہری کے باہر کھڑا رہا اور اندر داخل ہونے کی کوشش کرتا رہا، مگر پولیس کی گاڑی آنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔”
انہوں نے کہا کہ “حملہ آور کی شناخت اولین ترجیح ہے اور ہم اس کے سہولت کاروں کو بھی جلد سامنے لائیں گے۔”

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ “کل وانا میں بھی ایک خودکش حملہ ہوا جس میں افغانستان کا ہاتھ واضح ہے۔ وہاں کمیونیکیشن کے شواہد بھی موجود ہیں۔”