اسلام آباد سے پنڈی صرف 20 منٹ میں: ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے کا اعلان

0
109
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ہائی اسپیڈ اور جدید ترین ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت دونوں جڑواں شہروں کا فاصلہ صرف 20 منٹ میں طے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ اور وزیر ریلوے کی زیرصدارت اجلاس میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ہائی اسپیڈ ٹرین سروس کے منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ آئندہ ہفتے منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق یہ ٹرین سروس نہ صرف وقت اور ایندھن کی بچت کا ذریعہ بنے گی بلکہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کے دباؤ کو بھی نمایاں حد تک کم کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت وزارتِ ریلوے ٹریک فراہم کرے گی جبکہ سروس کے انتظامات کی ذمہ داری کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سپرد ہوں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جدید ٹرینیں بیرونِ ملک سے درآمد کی جائیں گی۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس منصوبے کو عوامی فلاح کے لیے ایک بہترین قدم قرار دیا اور کہا کہ شہری اب تیز اور آرام دہ سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے عوامی ریلیف وژن کی عکاسی کرتا ہے اور اس کی تکمیل سے ہزاروں شہریوں کو جدید، معیاری اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔