کراچی: انڈر پاس میں ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

0
113
Pakalerts.pk

کراچی (25 اگست 2025): ڈرگ روڈ انڈر پاس میں المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر منی بس نے انڈر پاس کے اندر دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری۔ شدید تصادم کے باعث 45 سالہ حارث، 30 سالہ شعیب اور 60 سالہ خاتون نائلہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئیں۔

ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمی خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا۔

ایس ایس پی فرخ رضا نے بتایا کہ حادثہ منی بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بس کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق انڈر پاس کے اندر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث اکثر حادثات پیش آتے ہیں اور شہریوں نے انتظامیہ سے وہاں ٹریفک کے مؤثر انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔