پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر نامزد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران آنے والے رہنماؤں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر عمران خان نے مزید مشاورت کی ہدایت دی ہے۔ اب تک سینیٹ میں تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں سزا کے باعث پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں سے فارغ کر دیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، تاہم دونوں نے اس فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر سیاسی رابطے تیز ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وفد نے گزشتہ ہفتے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے دو اہم ملاقاتیں کیں، جن میں قومی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ دونوں ایوانوں میں قائد حزب اختلاف کا حق تحریک انصاف کو ملنا چاہیے، اور وہ اپوزیشن کو متحد دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکلنے کے لیے ایک وسیع تر قومی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سورس اردو پوائنٹ




























