مریم نواز کا بڑا اقدام: درختوں کی نیلامی کی آڑ میں جنگلوں کی کٹائی پر مکمل پابندی

0
47
pakalerts.pk

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جنگلات کے تحفظ کے لیے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے درختوں کی نیلامی کے روایتی نظام کو ختم کر دیا اور فوری طور پر ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی پر پابندی عائد کر دی۔

شفاف نظام کی تشکیل

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کے ذریعے نئے اور شفاف قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں گے تاکہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی کو روکا جا سکے۔ فیصلے کے تحت نیلامی کا وہ پرانا طریقہ جس کے تحت جنگلات کے قیمتی درخت کاٹ کر چند جیبیں بھری جاتی تھیں، اب ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا گیا ہے۔

باضابطہ حکم نامہ جاری

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایندھن سمیت کسی بھی قسم کی لکڑی کی نیلامی تاحکمِ ثانی نہیں ہو سکے گی۔

جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے ڈائریکٹر جنرل کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جنگلات کے تحفظ کے لیے تاریخی قدم

مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام پنجاب کے جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور زمین کو کٹاؤ سے محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ آئندہ اگر کسی نیلامی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے قبل اعلیٰ معیار کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کرنا لازمی ہوگا تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔