محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

0
112
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اسلام آباد (17 ستمبر 2025): محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع، جن میں دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ اور شانگلہ شامل ہیں، بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب میں مجموعی طور پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا۔

بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، ژوب اور قلات میں بارش کی توقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کا امکان ہے۔

ادھر دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 5 لاکھ 71 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 5 لاکھ 58 ہزار 120 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 81 ہزار 86 کیوسک اور اخراج 5 لاکھ 53 ہزار 559 کیوسک ہے، جبکہ کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 853 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 89 ہزار 98 کیوسک ہے۔

سیلابی صورتحال کے باعث نوشہروفیروز کے علاقے منجٹھ میں کئی زمینداری بند ٹوٹ گئے ہیں، جس کے بعد سیلابی پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا اور کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔