رجب المرجب 1447 ہجری کا نیا چاند 20 دسمبر 2025 کو صبح 06 بج کر 43 منٹ پر پیدا ہوا
ملک میں رجب المرجب کا چاند نظر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا، وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہوئے۔بتایا جارہا ہے کہ رجب المرجب 1447 ہجری کا نیا چاند 20 دسمبر 2025 کو صبح 06 بج کر 43 منٹ پر پیدا ہوا، فلکیاتی حساب سے 21 دسمبر کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے 26 منٹ تھی، ملک کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان وقفہ تقریباً 63 منٹ رہا، جس کے باعث 21 دسمبر کی شام کو ملک میں چاند کے عام آنکھ سے نظر آنے کے امکانات تھے اور رجب المرجب کا چاند نظر آگیا اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا، چاند نظر آنے کے بعد اب ملک میں رجب المرجب کا پہلا دن 22 دسمبر 2025 کو ہوگا اور شبِ معراج 27 رجب 16 جنوری کو ہوگی۔




























