اورنگی ٹاؤن میں بچوں کے سامنے باپ کو قتل کر دیا گیا

0
110
pakalerts.pk
pakalerts.pk

کراچی (22 ستمبر 2025) — اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے بچوں کے سامنے ان کے باپ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ، ایم ایم کالونی کے قریب رحمت چوک پر پیش آیا، جہاں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت 25 سالہ سجاد کے نام سے ہوئی ہے جو فیصل آباد کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا۔ وہ چند روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شلوار قمیض اور پی کیپ پہنے ایک مسلح ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر مقتول کے قریب آتا ہے۔ سجاد نے خطرہ بھانپتے ہوئے مزاحمت کرنے کی کوشش کی مگر ملزم نے قریب سے گولی چلا دی۔ گولی لگنے کے بعد سجاد اپنے گھر کی دہلیز پر گر پڑا، جبکہ اس کا کمسن بچہ یہ منظر دیکھ کر خوفزدہ ہو کر گھر کے اندر بھاگ گیا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے سجاد کو لوٹنے کی کوشش کی تھی، لیکن مزاحمت پر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔