پاکستان، سعودی عرب اور دنیا بھر کا قطر پر اسرائیلی حملے پر شدید ردعمل

0
107
pakalerts.pk

اسلام آباد / دوحا: قطر میں اسرائیلی بمباری پر پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان سمیت دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ مختلف ممالک نے اس حملے کو بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔


وزیراعظم پاکستان کا ردعمل

وزیراعظم شہباز شریف نے دوحا میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقے کو نشانہ بنانا ایک سنگین اور غیر قانونی اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔ وزیراعظم نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت قطر کی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ ہے، پاکستان قطر اور فلسطینی عوام کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے۔


دفتر خارجہ پاکستان کا بیان

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا اشتعال انگیز عمل قطر کی خودمختاری کے منافی ہے اور پاکستان قطر کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔


سعودی عرب اور خلیجی ممالک کا ردعمل

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امیرِ قطر سے رابطہ کر کے اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے قطر کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
  • متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ریاستوں کی سلامتی ناقابلِ تقسیم ہے، امارات قطر کے ساتھ مکمل کھڑا ہے۔
  • عمان نے حملے کو سنگین جرم قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

دیگر عرب ممالک کا ردعمل

  • کویت نے اسرائیلی حملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو فوری طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
  • اردن نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت قطری عوام کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
  • عراق نے اسرائیلی اقدام کو "بزدلانہ کارروائی” قرار دے کر قطر کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
  • مصر نے کہا کہ یہ حملہ عالمی امن کو نقصان پہنچانے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔
  • مالدیپ کے صدر نے بھی اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ قرار دیا۔

اقوام متحدہ کا ردعمل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطر کی خودمختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ مستقل جنگ بندی کے لیے کام کریں۔


قطر کی وزارت خارجہ کا مؤقف

قطری وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی عمارتوں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ قطر میں موجود شہریوں اور مقیم افراد کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور سول ڈیفنس نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ قطر نے واضح کیا کہ اسرائیل کا لاپرواہ رویہ اور خطے کے امن سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔