پشاور (19 ستمبر 2025): خیبرپختونخوا پولیس نے زمینوں پر قبضہ کرنے والے گروہوں کے خلاف کارروائی کی تیاری کرتے ہوئے ان کی پروفائلنگ مکمل کر لی اور تفصیلی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی رپورٹ کے مطابق شہر میں قبضہ مافیا کے 6 مختلف گروہ سرگرم ہیں، جن میں کل 67 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ منظم اور منسوبہ بندی کے ساتھ زمینوں پر قبضے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
سی سی پی او پشاور کے ترجمان نے واضح کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاری جاری ہے۔ اگر اس معاملے میں پولیس اہلکاروں کی شمولیت یا کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق پروفائلنگ ورک مکمل ہوتے ہی قبضہ گروہوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو زمینوں پر قبضے کی لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔




























