سعودی دارالحکومت ریاض میں گھروں کے کرایے میں سالانہ اضافے پر 5 سال کیلئے پابندی عائد
سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، سعودی دارالحکومت ریاض میں گھروں کے کرایے میں سالانہ اضافے پر 5 سال کیلئے پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت کے دارالحکومت ریاض میں عمارتوں کے کرائے میں ہونے والے مسلسل اضافے کو روکنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ گلف نیوز اور اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کی منظوری کے بعد سعودی حکومت نے دارالحکومت ریاض میں رینٹل پرائس میں استحکام کیلئے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں۔سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے ریاض شہر کے لیے رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے کرایوں میں سالانہ اضافے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ پابندی آئندہ 5 سال کیلئے نافذ العمل ہو گی، اس دوران رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے کرایوں میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے کرائے سے متعلق نئے ضوابط کو اس لیے فوری نافذ کیا گیا ہے تاکہ ریاض میں پراپرٹی مارکیٹ میں توازن بحال کیا جائے۔سعودی میڈیا کے مطابق ریاض شہر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران پراپرٹی سیکٹر میں کرایوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد سعودی وزرا کونسل نے ایکشن لیتے ہوئے قرار داد پاس کی تھی۔ سعودی وزرا کونسل نے قرارداد میں سفارش کی گئی تھی کہ کرایوں میں ہونے والے اضافے کے رجحان کو روکا جائے، پراپرٹی جنرل اتھارٹی جائیداد کے مالکان اور کرایہ داروں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے جامع حل تلاش کریں۔اس پیش رفت کے بعد اتھارٹی نے جامع انداز میں تمام نکات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ سعودی کابینہ نے اتھارٹی کی سفارشات مںظور کرتے ہوئے رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے کرائے سے متعلق نئے ضوابط پر جمعرات 25 ستمبر 2025 سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے۔ یوں اب سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 5 برس تک پراپرٹی کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ وضاحت کی گئی ہے کہ پراپرٹی مالکان اور کرائے داروں کے درمیان اس وقت جو بھی کرایہ نامہ طے ہو چکا، اب وہی اگلے سال تک نافذ العمل رہے گا۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کیخلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔




























