پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری، چینی طریقےقدرتی آفات سے نمٹنے میں سود مند ثابت ہوں گے، وزیراعظم

0
52
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

تیانجن (31 اگست 2025) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اعتماد، احترام اور محبت کی بنیاد پر قائم ہے اور یہ رشتہ ہر مشکل وقت میں پورا اترا ہے۔ تیانجن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 200 سے زائد پاکستانی طلبہ تیانجن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 30 ہزار پاکستانی طلبہ چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں جو جدید تحقیق، عصری تعلیم اور فنی مہارتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ 600 پاکستانی زرعی گریجویٹس نے چین میں اپنی تربیت مکمل کی ہے، جب کہ ووکیشنل ٹریننگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا۔ آج چین ایک بڑی معاشی اور فوجی طاقت ہے، جس نے اپنی عوام کو غربت سے نکال کر دنیا کے لیے ایک مثال قائم کی۔ صدر شی جن پنگ کے مشترکہ خوشحالی کے وژن نے دنیا کو متاثر کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن یونیورسٹی کے نیشنل ارتھ کوئیک سمولیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے چینی ٹیکنالوجی اور اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آفات سے بچاؤ اور بحالی کے لیے چین کی جدید ٹیکنالوجی اور طریقے انتہائی کارآمد ثابت ہوں گے۔ شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے مشترکہ منصوبوں اور جوائنٹ لیبز کو مزید فعال اور وسیع کیا جانا چاہیے۔