طالبان رجیم کے پاس پاکستان یا فتنہ الخوارج میں کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں

0
48
pakalerts.pk
pakalerts.pk

بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بارپاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر

 چیف آف دی آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ طالبان رجیم کے پاس پاکستان یا فتنہ الخوارج میں کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے۔ چیف آف دی آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے۔

بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔

ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے ، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔ طالبان رجیم  کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان  کے پاس  فتنہ آل خوارج یا پاکستان میں  سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے  تاہم کسی کو بھی  پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام یہ جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے  اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار  جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد