امریکا کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا

0
61
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (6 ستمبر 2025): پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے امریکا کی جانب سے امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی فوجی طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پہنچے، جہاں سامان کی وصولی کے موقع پر پاک فوج کے افسران اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھیجی گئی ہے۔ نیٹلی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ امریکا متاثرہ افراد کے دکھ میں برابر کا شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب بھارت کے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے اور شدید بارشوں کے باعث بدترین سیلاب کی زد میں ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، گھروں کے ساتھ فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم وسیع پیمانے پر تباہی کے بعد بین الاقوامی امداد ناگزیر ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ اور برطانیہ کے بعد امریکا بھی متاثرین کے لیے امداد فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق پنجاب سے آنے والے سیلابی ریلے کے نتیجے میں صوبے میں 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ اونچے درجے کے ممکنہ سیلاب سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔