وزیراعظم شہباز شریف کا سید علی گیلانی کی برسی پر خراج عقیدت

0
109
pakalerts.pk

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے بانی رہنما سید علی گیلانی کو ان کی چوتھی برسی پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان سے لازوال محبت اہلیانِ پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے اور یہ کشمیری عوام سے ہمارے روحانی و دلی تعلق کی مضبوط علامت ہے۔

"زندگی کشمیر کی آزادی کے لیے وقف کی”

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کی اور جدوجہدِ آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی کشمیری عوام کی بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی دائمی علامت ہے۔

"سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت”

وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت سے کشمیری عوام کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچایا۔ وہ اپنی جدوجہد سے تاریخ میں ایک ایسی گونج چھوڑ گئے جو آج بھی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے۔

"ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” آج بھی کشمیری عوام کی زبان پر زندہ ہے اور غاصب قوتوں کے دل و دماغ پر طاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی سیاسی تعلیمات کشمیری نسلوں کے لیے حقِ خود ارادیت کی آگاہی اور جدوجہد کی میراث ہیں، اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا۔