وزیراعظم شہباز شریف کا ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم

0
103
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اسلام آباد (22 ستمبر 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کا یہ منصوبہ غزہ میں جنگ کے خاتمے، خطے میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن صرف اسی وقت ممکن ہے جب فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دیا جائے اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ اس امن معاہدے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا آیا ہے اور مستقبل میں بھی سفارتی سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو ووٹکوف کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ عالمی برادری کو اس موقع پر فلسطینی عوام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔