ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ غلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جواب دے گی۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ عام سے خطاب
: "چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا زبردست اعلان، عمران خان کے ملٹری ٹرائل کے خلاف شدید ردعمل!”
اسلام آباد چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے، اگر بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل کرنا ہے تو ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے بنارسی ٹھگ ووٹ چور خواجہ آصف نے کہا تھا کہ جلسہ پریس کلب میں ہوگا، مگر آج 25 کلومیٹر تک عوام کی لائن لگی ہوئی ہے۔ عوام نے آج ثابت کر دیا ہے کہ ہم ہی اسٹیبلشمنٹ ہیں، ہم ہی ریاست ہیں، اور اب وہی ہوگا جو عوام چاہے گی۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر کارکن شیر ہے اور عمران خان ملک کی شان ہے۔ ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، مگر اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ غلط کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوم جواب دے گی۔ لاکھوں لوگوں کا یہ سمندر چیف جسٹس پر عدم اعتماد کرتا ہے، اور جو لوگ عمران خان کا ملٹری ٹرائل کرنا چاہتے ہیں، انہیں یہ شوق ہماری لاشوں سے گزر کر پورا کرنا ہوگا۔ ہم کسی صورت ملٹری ٹرائل کو نہیں مانیں گے، اور اگر عمران خان کو کچھ نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو نواز شریف سن لو، ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے۔
قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جابر نے عمران خان کو پابند سلاسل کیا، لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کو روک سکے، وہ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ یہ جدوجہد آزادی کے لئے ہے جو جاری رہے گی، اور عمران خان کبھی جھکے گا نہیں۔ عوام کی آزادی کی ضمانت ہے، جو جبر کی دیوار کو گرا دیں گے، اور بانی پی ٹی آئی بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔ ہم وقت کے یزید کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے۔




























