مریم نوازکا گلے کے علاج کیلئے لندن جانے کا امکان

0
72
Pakalerts.pk

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی لندن روانگی کا امکان ہے، جہاں وہ گلے کے انفیکشن کے علاج کے لیے اپنے ذاتی معالج سے مشورہ کریں گی۔ ذرائع کے مطابق 5 نومبر کو ان کا لندن جانے کا ارادہ ہے، اور ڈاکٹروں نے ممکنہ طور پر آپریشن کی تجویز دی ہے۔ اس دورے کی مدت تقریباً ایک ہفتے پر مشتمل ہوگی اور وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ مریم نواز کا پہلا غیرملکی دورہ ہوگا۔ توقع ہے کہ وہ علاج مکمل ہونے کے بعد اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔

یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن پہنچے، جہاں ان کے حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔ تاہم، پی ٹی آئی کارکنان نے ان کی رہائشگاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ پولیس نے صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے فوری مداخلت کی اور نواز شریف کو ان کی رہائشگاہ تک پہنچنے میں مدد فراہم کی۔ مظاہرین کی موجودگی کے باعث نواز شریف میڈیا سے بات کیے بغیر اپنی رہائشگاہ میں داخل ہوگئے۔