فیصل آباد: محکمہ زراعت نے کسانوں کو ٹماٹر اور گوبھی کی پنیری کی فوری کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد اقبال نے زور دیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پنیری کی کاشت کا عمل تیز کیا جائے اور خاص طور پر ٹماٹر کی منظور شدہ اقسام نگینہ، روما، اور پاکٹ کی کاشت کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سبزیات کو 8 سے 10 دن کے وقفے سے آبپاشی کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اگر زمین کمزور ہو تو یہ وقفہ 4 سے 5 دن بھی ہو سکتا ہے۔ کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کے مشورے سے پانی اور کھادوں کی فراہمی کا عمل جاری رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
خالد اقبال نے خبردار کیا کہ بینگن اور بھنڈی پر ہڈا بیٹل، جوؤں، اور سبز تیلے کے حملے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اس لیے کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محکمہ زراعت توسیع کے عملے کی مدد سے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کریں تاکہ سبزیوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔




























