ڈیل وہ کرتے ہیں جو ملک اور عوام کو چھوڑ کر باہر اپنے عالیشان محلات میں بسیرا کرتے ہیں، بیرسٹر سیف

0
78
Pakalerts.pk

خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ڈیل وہ کرتے ہیں جو ملک اور عوام کو چھوڑ کر باہر اپنے عالیشان محلات میں بسیرا کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ڈیل کا الزام لگانے والوں کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان رہائی کے بعد پاکستان ہی میں رہیں گے، بشریٰ بی بی بھی رہائی کے بعد پاکستان ہی میں ہے، اسی طرح پی ٹی آئی رہنما باعزت بری ہوکر اپنے ہی عوام کے درمیان رہیں گے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف ہر حربہ استعمال کیا مگر ناکام رہے، حکومت بتائے ڈیل کس سے ہورہی ہے؟ حکومت تو آپ ہی کی ہے، ڈیل وہ کرتے ہیں جو ملک اور عوام چھوڑ کر باہر اپنے عالیشان محلات میں بسیرا کرتے ہیں، بانی تحریک انصاف کے نہ باہر عالیشان محلات ہیں اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹا ہے، ڈیل کا الزام لگانے والے اپنی حکومت پر جعلی ہونے کا مہر تصدیق ثبت کررہے ہیں۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ہ آپ کبھی کہتے ہیں ڈیل ہورہی ہے کبھی ڈھیل ہورہی ہے کبھی کہتے ہیں ٹرمپ آرہا ہے تو جان چھڑوائے گا،آپ کے دکھاووں کاتحریک عدم اعتماد سے آغاز ہو ا،پھر سائفر لہرا کر کہاکہ اب انقلاب آئے گا،آپ نے اسمبلیاں توڑ کر من مرضی کا الیکشن کروانے کی کوشش کی، پھرالیکشن کے نتائج نہ مان کر تحریک چلائی مگر ناکام ہوئے، پھراحتجاج کامیاب نہیں ہوا اوران کی مرضی نہیں چلی جبکہ پی ٹی آئی نہ انقلاب لا سکی اور نہ تحریک چلاسکی کیونکہ یہ ان کے بس کاکام ہی نہیں۔