عمران خان کیلئے جلسوں میں عدم دلچسپی نقصان دہ ہوسکتی ہے ، علی امین گنڈاپور

0
70
pakalerts.pk

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخواہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں میں رہنماؤں کی عدم دلچسپی عمران خان کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ کچھ رہنماؤں نے جلسوں میں کارکنان کو مقررہ تعداد میں نہیں نکالا۔ علی امین گنڈا پور نے ان رہنماؤں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر جلسہ عمران خان کی ہدایت پر ہوتا ہے اور اسے کامیاب بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔

راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج کے لیے انہوں نے ہر ضلع سے 35 سے 45 گاڑیوں کی روانگی کا حکم دیا اور کہا کہ تمام قافلے پشاور سے 10 بجے روانہ ہوں گے اور 11 بجے صوابی میں جمع ہوں گے، جہاں سے وہ خود قیادت کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہر جلسہ اہم ہوتا ہے اور کسی بھی جلسے کو غیر سنجیدہ نہیں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ ہر رہنما کی کارکردگی پر نظر رکھ رہے ہیں اور حقائق پر مبنی رپورٹ عمران خان کو پیش کریں گے۔

اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں زمین کے تنازعات کے باعث امن و امان کے مسائل ہیں، مگر یہ دہشت گردی یا فرقہ واریت کے مسئلے نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرم میں جاری امن و امان کے مسئلے کا سیز فائر ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت جرگوں کے ذریعے ان مسائل کا مستقل حل نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلع خیبر میں بھی ایک تنازعہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش جاری ہے اور امید ہے کہ جلد اس مسئلے کا بھی پرامن حل نکل آئے گا۔