پاکستان تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے کامیاب‘ آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر سیریز ہراکر تاریخ رقم کردی

0
75

پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے بہترین بولنگ اور بیٹنگ کارکردگی کے ذریعے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کیا اور سیریز 2-1 سے جیت لی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.5 اوورز میں 140 رنز بنائے۔ ان کے اوپنرز نے تیز کھیلنے کی کوشش کی، لیکن جیک فریزر میک گرک 7 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔ ایرون ہارڈی 12، کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13، اور گلین میکسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر میٹ شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کوپر کونولی 7 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ شان ایبٹ نے 22 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 وکٹیں لیں، حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی بیٹنگ میں اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 37 اور صائم ایوب 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان محمد رضوان (30 ناٹ آؤٹ) اور بابر اعظم (28 ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو جیت دلائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے لانس مورس نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وہ سیریز جیت کر دورے کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے میچ جیتنے کی امید کا اظہار کیا اور پلئینگ الیون میں پانچ تبدیلیاں کیں۔