ڈیبیو میچ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تو انوشکا شرما کمرے میں آئی تھیں ، کے ایل راہول

0
144
Pakalerts.pk

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہارڈ ہٹر کے ایل راہول نے ایک مرتبہ انکشاف کیا کہ جب وہ اپنے ڈیبیو میچ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تو بھارتی اداکارہ اور ویرات کوہلی کی اہلیہ، انوشکا شرما، ان کے کمرے میں آئی تھیں۔ کے ایل راہول نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کیا تھا، لیکن یہ کوئی خاص ڈیبیو ثابت نہ ہوا کیونکہ راہول صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انوشکا شرما ہی تھیں جو اس وقت ان کے ساتھ کھڑی تھیں۔ کے ایل راہول نے بتایا کہ ویرات اور انوشکا دونوں ہی میرے بہترین دوست ہیں اور میرے پاس مداحوں کو سنانے کے لیے ایک شاندار کہانی ہے۔ کے ایل راہول نے بتایا کہ ویرات اور انوشکا نے انہیں ان کے برے وقت سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جب آپ کی شروعات اچھی نہیں ہوتی تو آپ کافی ٹوٹ جاتے ہیں اور حوصلہ کھو دیتے ہیں۔

کرکٹر نے کہا کہ ڈیبیو میچ آسٹریلیا میں تھا، اور انوشکا بھی وہ میچ دیکھنے آئی ہوئی تھیں۔ جب میں آؤٹ ہوا تو انوشکا نے مجھے اداس اور سوچوں میں گھرا ہوا دیکھا۔ کے ایل راہول کے مطابق، "انوشکا شرما میرے کمرے میں آئیں اور کہا کہ وہ مجھے اکیلے نہیں بیٹھنے دیں گی، نہ ہی مجھے کرکٹ کے بارے میں کچھ سوچنے دیں گی۔ ساتھ ہی انوشکا نے کہا کہ وہ اور ویرات مجھے باہر ڈنر یا سیر پر لے کر جائیں گے۔”

بھارتی بیٹر نے کہا کہ ویرات نے انہیں سمجھایا تھا کہ اس طرح ناکام ہونے والے وہ پہلے شخص نہیں تھے اور یہ زندگی کا تجربہ ہے۔ اسی انٹرویو کے دوران، راہول نے یہ بھی بتایا کہ وہ انوشکا اور ویرات کی کئی ڈیٹس پر ان کے ساتھ گئے، جن میں دونوں انہیں اپنے رشتے کی کہانیاں سناتے تھے کہ ان کی ملاقات کیسے ہوئی اور محبت کیسے پروان چڑھی۔