بنگلہ دیش میں مظاہروں اور کشیدہ حالات کے باعث بنگلہ دیش اے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد میں تاخیر ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش اے کرکٹ ٹیم کو سات اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، لیکن اب اس کو 48 گھنٹے کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد میں تاخیر کے باعث سیریز کے شیڈول میں بھی ردوبدل کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے کہا کہ پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) مسلسل دو روز سے رابطے میں ہیں اور دونوں بورڈز شیڈول میں نظرثانی پر کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے جلد ٹیم بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بنگلہ دیشی بورڈ کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بنگلہ دیش سے کئی گنا بہتر ہے، جس کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل اضافی ٹریننگ اور پریکٹس کر سکتی ہے۔ تاہم، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ابھی تک اس پیشکش پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔




























