اسرائیل کے حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کے لیے چوبیس گھنٹو ں کے دوران بیروت پر30سے زیادہ حملے

0
115
pakalerts.pk

اسرائیل نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کے لیے بیروت کے ضاحیہ علاقے میں بڑے فضائی حملے کیے ہیں، جن میں رہائشی عمارتوں پر میزائل داغے گئے۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں ضاحیہ کے علاوہ دیگر رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں حریک، بیر حسن، برج البراجنہ، الحدث، اللیلکی، الکفاءات اور الشوقفات شامل ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے حزب اللہ کے زیر زمین ہتھیار بنانے اور ذخیرہ کرنے والے ٹھکانوں پر کیے گئے، جبکہ حسن نصراللہ بھی ان علاقوں میں موجود تھے، مگر ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ حزب اللہ نے حملوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسن نصراللہ خیریت سے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ان حملوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 91 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر اور ان کے نائب کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران حزب اللہ کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

امریکی عہدیداروں نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف حسن نصراللہ تھے، لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی افواج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے، جبکہ صدر جو بائیڈن نے پینٹاگون کو خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں ایڈجسٹمنٹ کی ہدایت دی ہے۔