وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں "دفعہ 804” نافذ ہو چکی ہے اور "دما دم مست قلندر” ہونے والا ہے۔ یہ بیان انہوں نے اس وقت دیا جب ان کا احتجاجی قافلہ مردان پہنچا۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت جو بھی اقدامات اٹھانا چاہے، ہم تیار ہیں اور راولپنڈی پہنچنے کے لیے ہر رکاوٹ کا سامنا کریں گے۔
دوسری جانب، پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کے احتجاج کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے نام پر فساد پھیلانے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور راولپنڈی میں رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
یہ بیانات اس تناظر میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی کی قیادت نے راولپنڈی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں خیبرپختونخوا سے قافلے روانہ ہو رہے ہیں۔




























