بلوچستان کے علاقے ژوب میں دہشت گردوں کی جانب سے انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کی گاڑی پر حملے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ یہ واقعہ ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی ایک اہلکار شہید ہوا جبکہ 3 زخمی ہوئے، جن میں سے مزید 2 اہلکار اسپتال میں دم توڑ گئے۔ شہید ہونے والوں میں امیر محمد منگل زئی، شفیق اللہ، اور اے ٹی ایف انچارج گوہر مشتاق شامل ہیں۔ زخمی ہونے والا ایک اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ لورالائی میں ادا کی گئی، جس میں مقامی پولیس اور ایف سی کے افسران سمیت قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ سرفراز بگٹی نے حملے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔




























