جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ملک بھر میں نئی احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی "حق دو عوام کو” تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر رہی ہے، جو بجلی کے بلوں، پیٹرول کی قیمتوں اور تنخواہوں پر ٹیکسز کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک عوام کو حقوق اور ریلیف دلوانے کے لیے ہے، اور وہ اس نظام کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے جس میں عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ جماعت اسلامی 45 دن کے بعد نئی تحریک شروع کر رہی ہے، جس میں بڑے مظاہروں کے علاوہ ملین مارچ اور لانگ مارچ جیسے آپشنز بھی شامل ہیں۔ 29 ستمبر سے ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوں گے، جبکہ یکم سے 7 اکتوبر تک ایک ہفتہ غزہ اور لبنان کے عوام کے نام کیا جائے گا۔ 7 اکتوبر کے بعد جماعت اسلامی احتجاجی دھرنے اور ریلیاں نکالے گی، جس میں عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 23 سے 27 اکتوبر کے دوران جماعت اسلامی عوام سے ریفرنڈم کرے گی، جس میں پوچھا جائے گا کہ آیا لوگوں کو بجلی کے ناجائز بل ادا کرنے چاہئیں یا نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے عوام پر ٹیکسز کا بوجھ ڈال کر جاگیرداروں اور آئی پی پیز (بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں) کو ٹیکس چھوٹ دی ہے، جبکہ عوام مہنگائی، آٹا، چینی اور بجلی کے بلوں کی صورت میں بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔




























