لاہور علیمہ خان نے سپریم کورٹ کے ملٹری ٹرائل کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رات مودی نے پاکستانیوں پر حملہ کیا اور آج اس نے اپنے سویلینز پر حملہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، سویلینز کے ملٹری ٹرائل کی اجازت دینے والے سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے فیصلے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اپنی رائے دی۔
علیمہ خان نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا فیصلہ انتہائی جلدبازی میں سنایا گیا، رات مودی نے پاکستانیوں پر حملہ کیا اور آج انہوں نے اپنے سویلینز پر حملہ کر دیا۔ علیمہ خان کے مطابق، رات مودی نے پاکستانیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 پاکستانیوں کی جان گئی اور اس کے جواب میں آج اپنے ہی شہریوں پر حملہ کیا گیا۔ آئینی بنچ نے مودی کے حملے کے جواب میں اس کارروائی کو قانونی حیثیت دی ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ آج مودی کی مدد سے پاکستان میں مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے، جس طرح اسلام آیا تو خانہ کعبہ میں بت توڑے گئے، آج سویلینز کے ججز نے ایک بت توڑنے کے جرم میں ملٹری کورٹ سے سزا کو قانونی قرار دے دیا ہے۔ جبکہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دو سال گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک سی سی ٹی وی فوٹیجز فراہم نہیں کی گئیں۔ انصاف نہیں مل رہا، ثبوت غائب ہیں۔ آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے سویلینز کے ملٹری ٹرائلز کو جائز قرار دے دیا گیا۔ ایک طرف ملک پر قبضہ کرنے والے مافیا کو ترقی کی راہ پر گامزن دکھایا جا رہا ہے، دوسری طرف اس قسم کے فیصلے ہنگامی بنیادوں پر سنائے جا رہے ہیں جب پاکستان ایک بیرونی حملے کا شکار ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ ملک پر قابض مافیا نے اس حملے کو اپنے فائدے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کے فوجی عدالتوں کے ٹرائلز کے منصوبے کو مکمل کر لیا ہے۔ جب تشدد، جھوٹے مقدمات، ڈر، خوف، اور جیلوں میں قید افراد کے خاندانوں کو رسوا کرنے کے باوجود بھی ان کے حوصلے نہیں ٹوٹ سکے، تو پھر قانون کو توڑ کر اپنے پسندیدہ فیصلے سنا دیے گئے۔ سچ کو دبایا جا سکتا ہے، مگر ختم نہیں کیا جا سکتا۔




























