سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں، یہ دو قوموں کی ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے

0
93
pakalerts.pk

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی اور چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کی۔ انہوں نے چین کے قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاک چین دوستی صرف اسٹریٹجک مفادات پر مبنی نہیں بلکہ یہ دلوں اور روحوں کا رشتہ ہے۔ پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کے عزم پر قائم ہیں۔

مریم نواز شریف نے چین کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ترقی اور اختراع میں عالمی برادری کے ساتھ تعلقات مضبوط کیے ہیں اور دنیا کو امن، تعاون اور انسانیت کی فلاح کے لیے ایک مثال فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی عظمت اس کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے اور پاک چین تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے سی پیک کو دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ محض ایک معاشی پروجیکٹ نہیں بلکہ دونوں قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب، چینی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کروا رہا ہے اور صوبہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔

تقریب میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا اور پنجاب حکومت کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا، جن میں نواز شریف آئی ٹی سٹی، کینسر ہسپتال، اور اپنا گھر پروگرام شامل ہیں۔