عمران خان کو مزید کوئی شکایت ہوئی تو پورا پاکستان بند کردیں گے، علی امین گنڈاپور

0
74
Pakalerts.pk

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو وارننگ دی ہے کہ اگر عمران خان کے ساتھ جیل میں بدسلوکی کا سلسلہ جاری رہا تو پی ٹی آئی پورے ملک کو بند کردے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں، ان کے سیل کی بجلی بند کی جاتی ہے، اور انہیں ایکسرسائز یا دیگر حقوق نہیں دیے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مزید کوئی شکایت سامنے آئی تو حکومت کے دن بھی گنے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے قوم سے کہا کہ وہ تیار رہے اور پی ٹی آئی کے احتجاجی منصوبے کے لیے مستعد رہے تاکہ مینڈیٹ چور حکومت سے جان چھڑائی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا اگلا مرحلہ ڈی چوک اسلام آباد کے بعد ایک آخری اقدام ہوگا، اور یہ موقع حکومت کو فرار کا راستہ بھی فراہم نہیں کرے گا۔ علی امین نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ پُرامن رہی ہے لیکن حکومت انہیں مجبور کر رہی ہے کہ وہ سخت ردعمل دیں۔

انہوں نے پارٹی کے اندر موجود ان لوگوں پر بھی تنقید کی جو عمران خان کے نظریے سے انحراف کرچکے ہیں اور انہیں "غدار” کہا۔ علی امین نے مزید کہا کہ پارٹی میں اب وہی لوگ باقی رہیں گے جو نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، اور یہ لوگ ہی پارٹی کا مستقبل ہیں۔