لبنان: اسرائیل کے ایک ہی رات میں300سے زیادہ فضائی حملے35بچوں سمیت420ہلاک

0
74
Pakalerts.pk

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری حالیہ تنازعے میں شدت آگئی ہے، جہاں ایک ہی رات میں اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں پر 300 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں، جن میں 420 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ حملے جنوبی لبنان، مشرقی علاقے البقاع، اور بعلبک سمیت دیگر مقامات پر کیے گئے، جس میں اسرائیل نے حزب اللہ کے 1300 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں میں خواتین، بچوں، اور بزرگ افراد کی بڑی تعداد جانبحق ہوئی ہے، جبکہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر 200 سے زائد راکٹ داغے گئے ہیں۔ اسرائیل نے اس صورتحال کو مزید سنگین کرتے ہوئے زمینی کارروائی کی تیاری کا بھی اعلان کیا ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 35 بچے اور 58 خواتین بھی ہلاک ہو چکی ہیں، جبکہ 1600 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اقوام متحدہ نے جنوبی لبنان سے اپنے سویلین ملازمین کو نکلنے کی ہدایت کی ہے، اور لبنان کے کئی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے غزہ میں جنگ بندی تک جاری رہیں گے، جبکہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ یہ تنازعہ ابھی اپنے آغاز پر ہے اور جنوبی لبنان پر زمینی حملے کا امکان موجود ہے۔

اس بحران کی وجہ سے ہزاروں لبنانی شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، اور لبنان کے جنوبی علاقوں سے بیروت کی جانب نقل مکانی کی جا رہی ہے۔