سکیورٹی فورسز نے مستونگ کے اسپلنجی بازار میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مستونگ کے اسپلنجی بازار میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 25 اور 26 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے اسپلانجی بازار میں 2 افراد کو شہید کیا تھا، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا، اس دوران دہشت گرد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، آپریشن کے دوران گرفتار دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود، دوربین بھی برآمد ہوئی۔
ادھر خوارج نے نماز مغرب کے دوران لکی مروت میں مسجد پر حملہ کیا جہاں پی ایم اے کے کیڈٹ عارف اللہ بھی مسجد میں نماز ادا کرنے کیلئے موجود تھے، کیڈٹ عارف اللہ آبائی شہر لکی مروت چھٹی پر آئے ہوئے تھے، خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی تو کیڈٹ نے فوری جواب دیا، کیڈٹ عارف اللہ نے خوارج دہشت گرد کا بہادری سے مقابلہ کیا، مقابلے کے دوران 19سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے جام شہادت نوش کیا، شہید کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان قربان کرکے بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں ۔
آئی ایس پی ار کا کہنا تھا کہ عبادت کے دوران نمازیوں پر حملہ کرنا خوارج کی حقیقی سوچ کو ظاہر کرتا ہے، ایک نوجوان کیڈٹ کا یہ دلیرانہ عمل سکیورٹی فورسز کے عزم کی دلیل ہے، کیڈٹ عارف اللہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیرتربیت تھے، اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جی سی عارف اللہ شہید نے سوگوران میں والدین، 4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑی ہیں، جی سی عارف اللہ شہید کے بھائی بھی پاک آرمی دفاع وطن کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، جی سی عارف اللہ شہید نے نہتے ہوتے ہوئے بھی دہشتگردوں کو بھرپور مقابلہ کیا۔




























