مجھے فی الحال تحریک کا کوئی مومینٹم نظر نہیں آ رہا، پارٹی کا ہر فرد اپنے تمام اختلافات فوری طور پر بھلا کر صرف اور صرف 5 اگست کی تحریک پر توجہ مرکوز رکھے، عمران خان کا دو ٹوک پیغام
راولپنڈی – چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سخت لہجے میں پارٹی رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الوقت تحریک میں کوئی جوش و خروش دکھائی نہیں دے رہا، اس لیے پارٹی کے تمام افراد ذاتی اختلافات کو فوراً ختم کر کے صرف 5 اگست کی تحریک پر فوکس کریں۔ ان کا واضح پیغام تھا کہ جس کسی نے بھی پارٹی میں گروپ بندی کی کوشش کی، اسے پارٹی سے باہر نکال دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ سخت الفاظ اڈیالہ جیل سے عمران خان کے ایک اہم پیغام کا حصہ ہیں جو پارٹی قیادت تک پہنچایا گیا ہے۔ پیغام میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ "پاکستان کی سیاسی تاریخ میں شاید ہی کسی رہنما کے ساتھ ایسا ناروا سلوک روا رکھا گیا ہو جیسا میرے ساتھ کیا جا رہا ہے۔”
عمران خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "نواز شریف نے کھربوں روپے کی کرپشن کی، مگر اس کے باوجود اسے جیل میں تمام سہولیات دی گئیں۔”
انہوں نے بشرٰی بی بی کی گرفتاری کو بھی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، "ملک کی کسی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ کسی بے گناہ، غیر سیاسی خاتون کو اس انداز میں قید کیا گیا ہو جیسا میری اہلیہ بشرٰی بی بی کے ساتھ کیا گیا۔”
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے 5 اگست کی تحریک کو سنجیدگی سے نہ لیا تو عوامی رابطہ مہم کمزور پڑ جائے گی اور پارٹی کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام تر ذاتی رنجشوں اور مفادات کو پسِ پشت ڈال کر پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کیا جائے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کو واضح تنبیہ کی کہ کوئی بھی رہنما یا کارکن اگر گروہ بندی یا انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چاہے اس کا عہدہ کچھ بھی ہو۔
عمران خان کا یہ پیغام پارٹی کے اندر نئی صف بندی اور یکجہتی پیدا کرنے کی کوشش ہے تاکہ آنے والے سیاسی معرکے میں پی ٹی آئی منظم اور متحد ہو کر میدان میں اتر سکے۔




























