پنجاب حکومت کو سموگ کے تدارک کیلئے ایکشن تیز کرنے کا حکم

0
82
Pakalerts.pk

لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کو تیز کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر تحریری حکم دیتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف کارروائی کو تیز کیا جائے۔ محکمہ سکولز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولز کے بچوں کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بسیں فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔

عدالت نے آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سرگودھا میں فیکٹریوں کی آلودگی کو مانیٹر کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی کہا ہے۔ ٹولنٹن مارکیٹ کی صورتحال سے متعلق بھی ایک تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، لاہور میں سموگ کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں ہفتے میں تین دن کی چھٹیوں (جمعہ، ہفتہ، اتوار) پر غور کیا جا رہا ہے۔ نومبر کے پہلے ہفتے میں ادارہ تحفظ ماحولیات کے اجلاس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے سموگ اور آلودگی کے تدارک کے لیے لاہور کے کچھ علاقوں میں "گرین لاک ڈاؤن” نافذ کیا ہے۔ اس دوران، ان علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں، چنگ چی رکشوں، کمرشل جنریٹرز اور رات 8 بجے کے بعد باربی کیو اور کھلے فوڈ پوائنٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔