پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 21 ستمبر کو لاہور میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس 19 ستمبر کو پشاور میں منعقد ہوگا، جہاں لاہور جلسے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اس اجلاس میں خیبرپختونخوا کے قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کریں گے۔
پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ آئینی ترامیم دراصل جمہوریت پر حملہ ہیں اور ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور پارلیمنٹ میں ان کو شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کی منظوری تو دور کی بات، انہیں اسمبلی میں پیش کرنے کی جرات بھی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی نے 21 ستمبر کو مینار پاکستان میں جلسے کے لیے این او سی کی درخواست بھی جمع کرائی ہے، جس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے مؤقف اپنایا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور پرامن جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، لہذا ہمیں 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور کے جلسے کا این او سی جاری کیا جائے۔
عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ہمیں اجازت ملے یا نہ ملے، 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ ہوگا۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آج بھی یحییٰ خان کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے اور اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو بچائیں۔




























