کراچی : نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل کے قریب کار کی ٹکر سے سڑک پر گرنے والے آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر کو ٹرک نے کچل دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا ، جہاں کار کی ٹکر کے بعد فوڈ ڈلیوری رائیڈر ٹرک تلے آکر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ 20 سالہ رائیڈر بابر کو تیز رفتار کار نے ٹکر ماری، جس کے باعث وہ سڑک پر جاگرا اور اسی دوران پیچھے سے آنے والے ٹرک نے روند ڈالا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے سریہ سے لدے ٹرک کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
حادثے میں ایک رکشہ کو بھی نقصان پہنچا پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمے دار کار سوار کی تلاش جاری ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔




























