وزیراعظم شہباز شریف نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو قومی یکجہتی کی اعلیٰ مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ترمیم سے ملک میں جمہوریت کے خلاف ہونے والی محلاتی سازشوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق، یہ تاریخی ترمیم میثاق جمہوریت کے ادھورے خواب کی تکمیل اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔
قومی اسمبلی سے دوتہائی اکثریت سے منظور ہونے والی اس ترمیم پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انصاف کے حصول میں آسانی آئے گی اور لاکھوں لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قومی یکجہتی کی ایک شاندار مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اور یہ نئی صبح کی شروعات ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں محلاتی سازشوں کے ذریعے منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے کا جو سلسلہ جاری تھا، وہ اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئینی ترمیم عام آدمی کے لیے انصاف کی فراہمی میں آسانی پیدا کرے گی اور عدالتی تاخیری حربے ختم ہوں گے۔
وزیراعظم نے آئینی ترمیم کی حمایت کرنے والے تمام جماعتوں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے میثاق جمہوریت کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو سراہا اور مولانا فضل الرحمان کے وسیع تر قومی مفاد میں دیے گئے نقطہ نظر کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کا اس ترمیم میں شامل نہ ہونا ایک افسوسناک بات ہے، تاہم انہوں نے اسپیکر اور اسمبلی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم ترمیم کی منظوری میں حصہ لیا۔




























