یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے، جس کا حتمی اعلان 31 جولائی کو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ملک میں رواں ماہ دو مرتبہ پٹرولیم قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، تاہم اگلے ماہ کے آغاز میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی کیے جانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تخمینے کے مطابق یکم اگست سے پٹرول کی قیمت میں 9 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے تک کمی ممکن ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 168 روپے 73 پیسے سے کم ہو کر 159 روپے 66 پیسے پر آ گئی ہے، یعنی 9 روپے 7 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی 3 روپے 73 پیسے کی کمی نوٹ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی فی بیرل قیمت 75.27 ڈالر سے گھٹ کر 73.19 ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ فی بیرل پریمیم بھی 9.61 ڈالر سے کم ہو کر 6.74 ڈالر پر آ گیا ہے۔ کسٹمز ڈیوٹی میں بھی کمی ہوئی ہے، جو 15 روپے 33 پیسے سے کم ہو کر 14 روپے 29 پیسے ہو چکی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اوگرا قیمتوں میں ممکنہ کمی کی سمری تیار کر کے وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے قیمتوں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ حکومت پٹرولیم لیوی میں اضافہ کر کے ممکنہ ریلیف محدود کر سکتی ہے۔
سورس اردو پوائنٹ




























