سندھ اور پنجاب کے دریاؤں، بیراجوں میں پانی کی تازہ ترین صورت حال

0
51
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کراچی (07 ستمبر 2025): سندھ اور پنجاب کے دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی تازہ صورتحال کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔

رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کے مطابق سندھ میں دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تریموں بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ پنجند بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 3 لاکھ 69 ہزار کیوسک، گڈو بیراج پر آمد 3 لاکھ 66 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 28 ہزار کیوسک رہا۔ اسی طرح سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 29 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 19 ہزار کیوسک، جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 26 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔

پنجاب کے دریاؤں میں بھی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ دریائے چناب میں خانکی بیراج پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار کیوسک اور ہیڈ قادر آباد پر 1 لاکھ 41 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے چناب میں چنیوٹ کے قریب سے 1 لاکھ 32 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر 3 لاکھ 11 ہزار، ہیڈ سلیمانکی پر 1 لاکھ 38 ہزار اور ہیڈ اسلام پر 1 لاکھ 3 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 907 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں پنجاب میں 233، خیبرپختونخوا میں 502، سندھ میں 58، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 اموات شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔

مزید برآں، سیلاب اور بارشوں سے اب تک 7 ہزار 848 گھر متاثر ہوئے جن میں سے 1945 مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ 6180 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔