جلالپور پیروالا: دریائے چناب میں ریسکیو کے دوران ایک کشتی کے ڈوبنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ جاں بحق بچوں میں دو شیر خوار بھی شامل ہیں، ایک کی عمر 3 ماہ جبکہ دوسرے کی عمر 6 ماہ تھی۔ اسی طرح 3 سالہ ماہ نور، 6 سالہ فاطمہ اور 7 سالہ عامر بھی افسوسناک حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئے۔
کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے متعدد کو ریسکیو اہلکاروں نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب، بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی نے پنجاب میں سیلابی صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث درجنوں دیہات زیر آب آ گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور مال مویشی بھی بہہ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، دریائے چناب کے ساتھ دریائے راوی اور ستلج میں بھی پانی کی سطح انتہائی بلند ہے۔ ہیڈ مرالہ، راوی سائفن اور ہیڈ خانکی پر اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ بند پر پانی کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔




























