ممبئی (بھارت): پاکستان سے دہشت گردوں کے داخل ہونے اور ممبئی میں 34 گاڑیوں میں دھماکوں کی افواہ جھوٹی نکلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کو ممبئی پولیس کو واٹس ایپ پر ایک دھمکی موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ "لشکر جہادی” نامی ایک تنظیم کے 14 دہشت گرد شہر میں داخل ہو چکے ہیں۔ دھمکی میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد 34 گاڑیوں میں 400 کلو آر ڈی ایکس رکھ کر بڑے پیمانے پر دھماکے کرنے جا رہے ہیں، جس سے ایک کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔
تاہم پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ محض ایک ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ تھا۔ بہار کے رہائشی اشون کمار سپرا نے اپنے پرانے دوست فیروز کو پھنسانے کے لیے یہ جھوٹی اطلاع دی تھی۔ واضح رہے کہ فیروز نے 2023 میں اشون کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس کے نتیجے میں اشون کو تین ماہ جیل کاٹنی پڑی تھی۔
بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اشون کمار کو گرفتار کر لیا اور اس کے زیر استعمال موبائل فون اور سم کارڈ بھی تحویل میں لے لیے۔




























