ممبئی (7 ستمبر 2025): بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’کنگ‘‘ کے سیٹ سے تصاویر اور ویڈیوز لیک ہو جانے پر شور مچ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے مداح فلم کنگ کے حوالے سے خاصے پرجوش ہیں، تاہم شاہ رخ خان اور ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی لیکڈ تصاویر اور ویڈیوز کو فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔
اطلاعات کے مطابق فلم کے سیٹ سے مناظر لیک ہونے کے بعد شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی اور مختلف آفیشل فین پیجز مداحوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ فلم کی رازداری کا احترام کریں تاکہ سرپرائز خراب نہ ہو۔
ایک فین پیج پر پیغام دیا گیا:
"ہم جانتے ہیں کہ ہر کوئی کنگ خان کی اگلی کرشماتی پرفارمنس کا انتظار کر رہا ہے، لیکن براہ کرم کوئی بھی حالیہ ویڈیو یا تصویر شیئر یا ری پوسٹ نہ کریں، آئیے سب مل کر اس سرپرائز کو محفوظ رکھیں۔”
فلم کے ذریعے شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اپنا تھیٹر ڈیبیو کریں گی، جبکہ کاسٹ میں ابھیشیک بچن ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ دپیکا پڈوکون، ارشد وارثی، ابھے ورما اور راگھو جوئل بھی فلم کا حصہ ہیں۔
یہ فلم مارفلکس پکچرز اور ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی مشترکہ پروڈکشن ہے جس کی ہدایت کاری مشہور ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔































